پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم نے فیفا سیریز کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ترک اینڈ کیکوس آئی لینڈز کو 0-8 سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ قومی ٹیم کی اب تک کی سب سے بڑی فتح ہے، جس نے 2022 میں مالدیپ کے خلاف 0-7 کی جیت کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ گرین شرٹس نے میچ کے آغاز سے ہی مکمل کنٹرول رکھا اور پہلے ہاف میں 4 گول کر کے برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے ہاف میں مزید 4 گول کر کے فتح کو یادگار بنا دیا۔
پاکستان کی جانب سے زہمینہ ملک، اقصیٰ مشتاق، لیلیٰ بنارس، مریم محمود، نادیہ خان اور اسراء خان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گول اسکور کیے۔اس تاریخی کامیابی پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دی اور اسے ویمنز فٹبال کے لیے ایک نئے دور کی شروعات قرار دیا۔