پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے میں نئی روح پھونکنے کی تیاری، آئندہ 3 برسوں میں ٹیکنالوجی کا انقلابی منصوبہ

پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے میں نئی روح پھونکنے کی تیاری، آئندہ 3 برسوں میں ٹیکنالوجی کا انقلابی منصوبہ

پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں عالمی ٹیلی کام گروپ ویون اور جاز ٹیلیکام نے ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 1 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا جامع منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ویون گروپ کی اعلیٰ قیادت نے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی ترقی اور ڈیجیٹل انقلاب کے حوالے سے مستقبل کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ 1 ارب ڈالر کی خطیر رقم آئندہ 3 برسوں کے دوران کنیکٹیویٹی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی توسیع کے لیے استعمال کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:موبائل صارفین کو بڑا ریلیف مل گیا،عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والی ٹیلیکام کمپنیوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا اعلان

ویون گروپ نے گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران پاکستان میں 11 ارب ڈالر سے زیادہ کی ریکارڈ سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور اب تک قومی خزانے میں ٹیکسز اور دیگر مدات میں 500 ارب روپے سے زیادہ کا حصہ ڈالا ہے۔

حالیہ برسوں میں 239 ملین ڈالر کی لاگت سے 190 میگاہرٹز اضافی اسپیکٹرم کے حصول نے نیٹ ورک کو مزید مستحکم کر دیا ہے، جس سے 5 جی سمیت دیگر جدید خدمات کے آغاز کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

وزیرِ خزانہ نے اس موقع پر ڈیجیٹل معیشت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جاز کے مربوط ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے ذریعے اس وقت 100 ملین سے زائد صارفین کو کنیکٹیویٹی، فِن ٹیک اور کلاؤڈ سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس بڑی سرمایہ کاری سے ناصرف مالی شمولیت بڑھے گی بلکہ رسمی معیشت کی توسیع اور سرمایہ کاری پر مبنی معاشی ترقی کو بھی نئی جہت ملے گی۔ 2026 کا یہ سال پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے، جہاں عالمی کمپنیاں پاکستان کو ایک باصلاحیت مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔

پاکستان اس وقت اپنی معیشت کو روایتی ڈھانچے سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف منتقل کرنے کے عمل سے گزر رہا ہے۔ ’ایس آئی ایف سی‘ کے قیام کے بعد آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں۔

 جاز ٹیلی کام کا ’جاز کیش‘ پلیٹ فارم پہلے ہی مالیاتی لین دین میں انقلاب برپا کر چکا ہے، اور اب 1 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری سے انٹرنیٹ کی رفتار اور مصنوعی ذہانت پر مبنی خدمات میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *