پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل صارفین سے غیر مجاز کٹوتیوں اور اضافی چارجز وصول کرنے کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو واضح انتباہ جاری کر دیا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ صارفین کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق حالیہ دنوں میں صارفین کی جانب سے غیر مجاز کٹوتیوں، ویلیو ایڈڈ سروسز کی جبری سبسکرپشن اور موبائل ٹیرف میں اچانک ردوبدل سے متعلق شکایات موصول ہوئیں، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ریگولیٹر نے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی موبائل پیکیج کے اجرا یا موجودہ نرخوں میں تبدیلی سے قبل پیشگی منظوری لینا لازمی ہوگا، بالخصوص وہ آپریٹرز جو نمایاں مارکیٹ پاور رکھتے ہیں۔
پی ٹی اے نے مزید وضاحت کی کہ ویلیو ایڈڈ سروسز کے اجرا کیلئے صارفین کی واضح اور تصدیق شدہ اجازت ضروری ہے۔ بغیر اجازت کسی سروس کی سبسکرپشن یا چارجز کا اطلاق سنگین خلاف ورزی تصور ہوگا۔ اتھارٹی نے تمام آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ شفاف چارجنگ سسٹم اپنائیں تاکہ صارفین کو ہر کٹوتی اور ہر چارج کی مکمل تفصیل بروقت فراہم کی جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موبائل ٹیرف ریگولیشنز دو ہزار پچیس نافذ کر دیئے گئے ہیں، جن کا مقصد منظم اور متوازن ٹیرف نظام کو یقینی بنانا ہے۔ ان ضوابط کے تحت اگر کوئی ٹیرف صارفین کے مفاد کے خلاف پایا گیا تو پی ٹی اے کو فوری مداخلت اور اصلاحی اقدامات کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔
اتھارٹی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سروس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نیٹ ورک کی بہتری، اسپیکٹرم کے مؤثر استعمال اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری بڑھائیں تاکہ صارفین کو بہتر کال کوالٹی اور تیز رفتار ڈیٹا سروسز فراہم کی جا سکیں۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی غیر مجاز کٹوتی یا سروس سے متعلق شکایت ہو تو وہ فوری طور پر پی ٹی اے ہیلپ لائن یا شکایتی نظام کے ذریعے رابطہ کریں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہر شکایت کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا اور ذمہ دار کمپنیوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
واضح رہے پی ٹی اے کا یہ اقدام موبائل صارفین کے لیے اہم پیش رفت ہے اور اس سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیلی کام سیکٹر میں مسابقتی ماحول بھی بہتر ہوگا۔ صارفین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ ہدایات پر عمل درآمد کس حد تک یقینی بنایا جاتا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کیا عملی اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔