وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے موٹروے ٹول ٹیکس میں مجوزہ اضافے کو معطل کر دیا ہے۔جس سے موٹروے پر سفر کرنے والوں کو ریلیف ملے گا
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ٹول ٹیکس میں اضافے کا جاری کردہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
اس سے قبل 5 اپریل سے موٹروے ٹول ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم حکومت نے عوامی دباؤ اور بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر اس پر فوری طور پر عملدرآمد روک دیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق حالیہ پیٹرول قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا، جبکہ وزیرِاعظم نے واضح ہدایت دی ہے کہ فی الحال ٹول ٹیکس میں اضافہ نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت فی لیٹر پیٹرول کتنے میں خرید رہی ،بیچا کتنے میں جارہا؟کتنے ٹیکس لیے جارہے ہیں؟اہم تفصیلات
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مہنگائی اور بڑھتے سفری اخراجات سے متاثر عوام کو عارضی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں مہنگائی کے حوالے سے عوامی تشویش میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حکومت پر ریلیف فراہم کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

