وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق عوام کو مزید ریلیف دینے کی خوشخبری سناتے ہوے کہا ہے کہ حکومت نے پہلے بھی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ خود برداشت کیا اور آئندہ بھی عوام کو مزید ریلیف دیں گے اس سسلسلے میں متعلقہ ادارے ممکنہ ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں خلیجی بحران کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت مشکل معاشی حالات میں کمزور اور متوسط طبقے کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے قیمتوں میں اضافے کی متعدد تجاویز کو مسترد کیا اور بچت اقدامات کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کو عوامی سہولت کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ریلیف کے اقدامات براہ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ ہو سکے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کے تحت ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قربانی کا آغاز حکومت نے خود اپنے اخراجات کم کرکے کیا ہے۔
اجلاس میں شرکاء کو ایندھن کی بچت کے لیے حکومتی اقدامات، آئندہ کی حکمت عملی اور موجودہ اسٹاک پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
مزید برآں موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن مکمل کرنے کے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام کو ممکنہ مزید ریلیف دینے کے لیے روابط بڑھائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں سادگی مہم اور بچت اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ حکومتی ہدایات پر مؤثر عمل جاری ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی بحران کے باوجود ایندھن کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا جائے گا اور عوامی ریلیف اولین ترجیح رہے گی۔