لبنان میں اسرائیلی فورسز کے حملے جاری ہیں جہاں جاں بحق افراد کی تعداد 52 ہو چکی ہے جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
لبنان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد 52 افراد ہلاک اور 154 زخمی ہوئے ہیں، اس سے پہلے لبنانی وزارتِ صحت نے کہا تھا کہ صیہونی حملوں میں 31 افراد جاں بحق اور 149 زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضاحیہ میں بھی ایک بڑا دھماکہ ہوا ہے، جو ایران سے منسلک حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، اس سے پہلے امریکہ نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں پر زور دیا تھا ہے کہ وہ فوراً ملک چھوڑ دیں۔
بیروت میں امریکی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ ’ہم امریکی شہریوں کو لبنان سفر نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہیں، اگر آپ ملک میں موجود ہیں تو ابھی لبنان چھوڑ دیں، جب تک کمرشل پروازوں کے آپشن دستیاب ہیں۔
دوسری جانب ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اموات کی تعداد 555 ہوگئی، ایرانی ہلال احمر کے مطابق 131 شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
قبل ازیں لبنان اور اردن کی فضائی حدود کھول دی گئیں، جبکہ 8 ممالک کی فضائی حدود تیسرے دن بھی بند رہیں۔
خطے میں جاری اس کشیدگی کے باعث عالمی فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، مختلف ایئرلائنز نے مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازیں منسوخ یا متبادل راستوں پر منتقل کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق1239 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر محصور ہیں، پاکستان میں بھی گزشتہ تین دن کے دوران پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔