لاہور کی سیشن عدالت نے آن لائن جوا کی پرموشن کے کیس میں معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 24 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔
عدالتی سماعت کے دوران عروب جتوئی اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ کیس کی کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کے موبائل فون کا فرانزک تجزیہ کیا جائے تاکہ تحقیقات میں مزید شفافیت اور شواہد کی تصدیق ہو سکے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ موبائل فون کی فرانزک رپورٹ تیار کی جائے۔ تاہم، ملزمہ کے وکیل نے استدعا کی کہ فرانزک رپورٹ ایک یا دو ہفتوں میں مکمل نہیں ہو سکے گی، لہٰذا عدالت کو رمضان کے بعد کی مناسب تاریخ پر سماعت کرنے کی درخواست کی۔
جج منصور قریشی نے سماعت 24 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ آئندہ ملزمہ اپنی عدالت میں حاضری یقینی بنائیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ عبوری ضمانت میں حاضری کی معافی اب نہیں دی جائے گی اور اگر آئندہ غیر حاضری ہوئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ملزمہ عروب جتوئی کے خلاف این سی سی آئی اے نے آن لائن جوا کی پرموشن کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔