جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں لبنان اور اسرائیل منگل کو پہلی میٹنگ کرنے پر رضامند ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ میں ہونے والی میٹنگ میں جنگ بندی اور مذاکرات کی تاریخ طے کرنے پر بات ہو گی۔
برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ لبنانی اور اسرائیلی حکام کے درمیان جنگ بندی مذاکرات منگل کو واشنگٹن ڈی سی میں ہوں گے، اس حوالے سے اسرائیل کا کہنا ہے کہ لبنان کے ساتھ مذاکرات میں حزب اللّٰہ کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
امریکی ثالثی میں بات چیت سے قبل واشنگٹن میں لبنان اور اسرائیل کے سفیروں کے درمیان رابطہ بھی ہوا، اس گفتگو میں لبنان میں امریکی سفیر بھی شریک رہے۔
قبل ازیں بلوم برگ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ لبنان کو اچانک جنگ بندی ڈیل میں شامل کیا گیا۔ جبکہ سی این این کے مطابق ٹرمپ کی نیتن یاہو کوʼتلخ فون کال‘ کے بعد اسرائیل لبنان کیساتھ براہ راست جنگ بندی مذاکرات پر آمادہ ہوا، اسرائیل نہ مانتا تو ٹرمپ خود جنگ بندی کا اعلان کر دیتے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تلخ گفتگو کے فوراً بعد اسرائیل نے لبنان کے ساتھ براہِ راست جنگ بندی مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی صدر نے گفتگو کے دوران اسرائیلی قیادت پر زور دیا کہ لبنان میں جاری فوجی کارروائیوں میں کمی لائی جائے، جبکہ بڑھتے ہوئے عالمی دباؤ اور انسانی بحران کو مدنظر رکھا جائے۔