افغانستان ایک بار پھر لز اٹھا، زلزلے کے شدید جھٹکے

افغانستان ایک بار پھر لز اٹھا، زلزلے کے شدید جھٹکے

افغانستان کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا، 4.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی زلزلہ پیما ادارے نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خُلم میں بتایا گیا ہے، جہاں سب سے زیادہ شدت محسوس کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان میں 6.3 شدت کا زلزلہ : عمارتیں منہدم ، 20 افراد جاں بحق

حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صرف سمنگان تک محدود نہیں رہے بلکہ بلخ، فاریاب، جوزجان اور سرِ پل سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی زمین لرز اٹھی۔ کئی مقامات پر لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کھلے میدانوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ‘اچانک زمین ہلنا شروع ہوگئی’ جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف کی فضا قائم ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ کم از کم 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والے افراد نے خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے چھلانگیں لگا دیں جس کے باعث انہیں چوٹیں آئیں۔ زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی تاہم مختلف علاقوں میں عمارتوں کے معمولی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں الرٹ رہیں اور حساس عمارتوں کا معائنہ بھی کیا گیا تاکہ کسی ممکنہ نقصان کا بروقت اندازہ لگایا جا سکے۔

واضح رہے کہ افغانستان کا شمالی خطہ زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے جہاں وقتاً فوقتاً درمیانی شدت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ‘افواہوں پر کان نہ دھریں’ اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ حکام نے مزید کہا ہے کہ اگر آفٹر شاکس محسوس ہوں تو شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ افغانستان ماضی میں بھی شدید زلزلوں کی زد میں آتا رہا ہے جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہو چکا ہے، تاہم حالیہ زلزلہ نسبتاً کم شدت کا تھا جس سے بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *