پی آئی اے کا 6 سال بعد لندن کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن بحال

پی آئی اے کا 6 سال بعد لندن کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن بحال

قومی ایئر لائنز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے چھ سال بعد لندن کے لیے براہِ راست فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے، اور اسلام آباد سے لندن کی پہلی پرواز آج روانہ ہوگئی،یہ اقدام پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

پروازوں کی بحالی کی تقریب میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جین میریٹ نے کہا کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہونا خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ جلد کراچی سے بھی پروازوں کا آغاز ہوگا، کیونکہ برطانیہ میں کئی لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :براہِ راست لندن سفر پھر ممکن، 6 سال بعد بڑی پیش رفت، پی آئی اے فلائٹ کی تاریخ سامنے آ گئی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کے لیے نہایت اہم ہے۔

پی آئی اے اور لندن کے درمیان کئی دہائیوں کا قریبی تعلق رہا ہے، تاہم گزشتہ چھ سالوں سے یہ تعلق معطل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ تعلق دوبارہ بحال ہو رہا ہے، اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

سیکرٹری دفاع نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروازوں کی بحالی میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی خصوصی دلچسپی اور تعاون کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *