امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ زیادہ عرصہ نہیں چلے گی اور امریکہ وہاں طویل مدت تک موجود نہیں رہے گا۔
ایک امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اس وقت ایران کو پوری طرح تباہ کر رہا ہے اور یہ مکمل تباہی ہے، تاہم ایران کی باقی رہ جانے والی جارحانہ صلاحیتوں کے خاتمے کے لیے ابھی مزید کام کرنا باقی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے اور اب اس کے پاس کوئی طاقت باقی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک آبنائے ہرمز استعمال کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ جا کر اسے کھولیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو تیل کو کنٹرول کر رہا ہوگا اسے آبنائے ہرمز کھول کر خوشی ہوگی، جبکہ ایران جنگ میں ان کا واحد مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران اب جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، اور جب امریکہ وہاں سے نکل جائے گا تو آبنائے ہرمز خود بخود کھل جائے گی۔