ایران پر مسلط جنگ کے سبب دنیا بھر میں بڑھتی مہنگائی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے برطانیہ میں شہریوں کی تنخواہوں میں اضافہ، توانائی بلوں میں کمی اور مستحق افراد کے لیے مالی امداد کے پروگرام کا آج سے اطلاق شروع کر دیا گیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آبنائے ہرمز کو اوپن کرایا جائے کیونکہ اس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ممکن ہو گی۔
وزیراعظم نے توانائی، انشورنس اور شپنگ کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور اس کے بعد کوبرا میٹنگ منعقد کر کے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران جنگ خاتمے کیلئے پاکستانی کوششیں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دورۂ چین کیا رنگ لائے گا؟
حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ نیشنل لیونگ ویج کو بڑھا کر 12.71 پاونڈ فی گھنٹہ کر دیا گیا ہے، جس سے تقریباً 24 لاکھ ملازمین کو 900 پاونڈ سالانہ اضافی آمدن حاصل ہو گی۔ اسی طرح کم سے کم تنخواہ کو 10.85 پاونڈ کر دیا گیا ہے، جس سے تقریباً 2 لاکھ نوجوان ملازمین کو 1500 پاونڈ اضافی ملیں گے۔
توانائی بلوں میں اوسطاً 117 پاونڈ سالانہ کمی کی جائے گی، جس کا اطلاق جون تک ہوگا، جبکہ ادویات کی قیمتیں بھی منجمد کر دی گئی ہیں تاکہ عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعظم اسٹارمر نے کہا کہ ایران جنگ کے باعث عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، تاہم حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ قیمتوں میں کمی لائی جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔