پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل فی لیٹر 4 روپے 73 پیسے مہنگا کیا گیا ہے، اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 180 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر آج سے ہو گیا ہے۔
گزشتہ شب پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا، فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
حکومت کے مطابق نئی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق یکم فوری طور پر 16 فروری سے کر دیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ حالیہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور روپے کی قدر میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مہنگائی کے دباؤ کو بڑھا سکتا ہے کیونکہ ٹرانسپورٹ اور روزمرہ ضروریات کی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھنے کا امکان ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے سے وہ صارفین متاثر ہوں گے جو پٹرول یا ڈیزل کے بجائے مٹی کا تیل استعمال کرتے ہیں۔
صارفین مٹی کے تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں سے باخبر رہیں اور خریداری کے دوران اپنی منصوبہ بندی کریں تاکہ اضافی اخراجات سے بچا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ ردوبدل عالمی مارکیٹ اور ملکی اقتصادی حالات کے مطابق کیا گیا ہے، صارفین کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ نئی قیمتوں کے مطابق اپنے روزمرہ کے بجٹ میں ایندھن کے اخراجات شامل کریں۔