پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ اتوار کو بھارت کے خلاف بھی ایک نارمل میچ ہوگا اور ہم اسی طرح کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کولمبو میں امریکا کے خلاف فتح گر اننگز کھیل کر مین آف دا میچ کا ایوارڈ جیتنے والے صاحبزادہ فرحان نے بعداز میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچ اچھی تھی، 190 رنز کرنا بڑی بات تھی ، جب رنز کرتے ہیں تو اس سے اعتماد ملتا ہے، دو میچز میں رنز کیے، اگلے میچز میں اعتماد کا فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں بھی پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف لڑ کر میچ ہاری، اتوار کو یہ ایک نارمل میچ ہوگا اور ہم اسی طرح کھیلیں گے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت چکا ہے، پہلے میچ میں نیدرلینڈز جبکہ دوسرے میچ میں امریکا کو شکست دی ، امریکا کیخلاف میچ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔