حکومتِ پاکستان کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ 2026ء میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی باقاعدہ اجازت ملنے کے بعد ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
پاکستانی ٹیم کو اجازت ملنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کا دوبارہ شروع ہونا خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم نے اپنی تیاریوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی اور وہ مکمل توجہ کے ساتھ ٹورنامنٹ کی تیاری کر رہی ہے، کولمبو میں کھیلنا چیلنج ہوگا، خاص طور پر اس لیے کہ پاکستانی ٹیم گزشتہ دو ہفتوں سے وہاں موجود ہے اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو چکی ہے۔
ریان ٹین ڈوشیٹ کے مطابق انہیں ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ایک مضبوط حریف کے خلاف کھیلنے کا موقع ملنے پر خوشی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی ٹیم کی توجہ صرف بہترین کھیل پیش کرنے پر مرکوز ہے ، یاد رہے کہ سری لنکا روانگی سے قبل بھارت کا نئی دہلی میں نمیبیا کے خلاف میچ شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء میں شرکت پر بھارت میں اپنی ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی گئی تھی جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا تھا۔
جس پر بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی ، بعد ازاں آئی سی سی نے بنگلادیش کے بجائے اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا۔
پاکستان نے اس اقدام کو دہرا معیار قرار دیتے ہوئے بنگلادیش سے اظہارِ یکجہتی کیا اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، جس سے عالمی کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی۔ تاہم اب حکومتی اجازت کے بعد پاک بھارت ٹاکرا شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔