سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کو یقینی بنانے پر وزیراعظم شہباز شریف کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے صدر کا وزیراعظم شہباز شریف کو فون فیصلہ کن ثابت ہوا، سری لنکن صدر نے وزیراعظم سے فون پر درخواست کی جو پاکستان نے مان لی۔
سری لنکا کے صدر انوراکمارا ڈسانائیکے نے سوشل میڈیا پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “شکریہ وزیراعظم شہبازشریف ! وزیراعظم شہبازشریف نے یقینی بنایا کہ ہم سب کا پیارا کھیل جاری رہے۔
سری لنکن صدر نے کہا کہ کولمبو میں پاک بھارت میچ کا بےصبری سے انتظار کیا جارہا ہے، آئی سی سی اور دیگر متعلقہ فریقین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انوراکمارا ڈسانائیکے نے پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا 1996 کے ورلڈکپ کے دوران پاکستان کی یکجہتی کو نہیں بھولا، پاکستان نے کولمبو میں ایسے وقت کھیلا تھا جب دیگر سیکیورٹی خدشات پر گریز کرتے تھے۔
سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرکے انہیں پاکستان ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ ختم کرکے اور ٹیم کو میچ کھیلنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے یہی درخواست کی تھی ، بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے کہا کہ اس سارے معاملے میں پی سی بی نے بھرپور ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف 15 فروری کا میچ کھیلے گی۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر پاکستان نے بنگلا دیش کی حمایت کی تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ 2026 میں شامل کر لیا، جس کے بعد پاکستان نے اس فیصلے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
پاکستان نے کرکٹ کونسل کے اس اقدام کو دہرا معیار قرار دیا اور بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے کرکٹ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔
بعدازاں آئی سی سی نے پاکستان کو منانے کی کوششیں کیں اور اس سلسلے میں آئی سی سی کی ڈپٹی چیئرمین، صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان 4 گھنٹے سے زائد طویل ملاقات ہوئی۔