قومی بلے باز فخر زمان نے خاموشی توڑ دی، فٹنس سے متعلق حقیقت بتا دی

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر فخر زمان نے اپنی فٹنس سے متعلق جاری بحث اور تنقید پر بالآخر خاموشی توڑ دی ہے اور سوشل میڈیا پر تفصیلی وضاحت پیش کر دی ہے۔

حالیہ دنوں میں ان کی فٹنس کو لے کر مختلف حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے تھے، خاص طور پر سابق کرکٹر عبدالروف کے تبصرے کے بعد یہ معاملہ مزید زیر بحث آ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بابراعظم اور فخر زمان فٹ نہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو مزید مواقع دیے جائیں گے، قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا اعلان

اپنے بیان میں فخر زمان نے واضح کیا کہ وہ 50 اوورز کی کرکٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ نہیں تھے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ بتدریج اپنی فٹنس بہتر بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا مؤقف بالکل درست تھا اور ٹیم مینجمنٹ نے ان کی فٹنس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ 15 مارچ کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد قومی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کر رہے ہیں، جس کا مقصد مکمل میچ فٹنس حاصل کرنا اور اپنی فارم کو بحال کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 فارمیٹ نسبتاً کم جسمانی دباؤ کا متقاضی ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ مرحلہ وار واپسی کا عمل اختیار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فخر زمان حالیہ انجری کے باعث کچھ عرصہ کرکٹ سے دور رہے، جس کے بعد ان کی فٹنس پر سوالات اٹھنا شروع ہوئے۔ تاہم ٹیم مینجمنٹ کا مؤقف ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کی واپسی مرحلہ وار ہونی چاہیے تاکہ وہ طویل عرصے تک ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہو سکے۔

کرکٹ سے وابستہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فخر زمان جیسے اہم بیٹر کی مکمل فٹنس میں واپسی قومی ٹیم کے لیے نہایت ضروری ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب آئندہ بین الاقوامی مصروفیات قریب ہیں۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو مضبوط بناتی ہے، اس لیے ان کی فٹنس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر ان کی وضاحت کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد مکمل فٹ ہو کر قومی ٹیم میں بھرپور واپسی کریں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *