نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران مسافروں کو بڑی ریلیف فراہم کرتے ہوئے 9 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس دلوادی۔
ترجمان کے مطابق یہ مہم 15 مارچ 2026 سے آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر ملک بھر میں جاری ہے، جس کا مقصد مسافروں کے حقوق کا تحفظ اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری لانا ہے۔
مہم کے دوران اوورلوڈنگ پر 908 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے پر 382 سواری بردار گاڑیوں کو چالان کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھی سخت اقدامات کیے گئے، جن میں 767 پبلک سروس گاڑیوں کو روٹ پرمٹ نہ ہونے پر اور 401 گاڑیوں کو زائد المیعاد روٹ پرمٹ پر جرمانے کیے گئے۔
اسی طرح 594 گاڑیوں کے خلاف فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے اور 351 گاڑیوں کے خلاف زائد المیعاد فٹنس سرٹیفکیٹ رکھنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ شہری اپنے حقوق کے تحفظ اور فوری داد رسی کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا ہینڈلز پر شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر نافذ کی گئی نئی حد رفتار کی خلاف ورزی پر اب تک 20 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے جا چکے ہیں، جبکہ موٹروے پولیس کے افسران ملک بھر کے ٹول پلازوں پر نئی حد رفتار سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔