افواجِ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والا ’را‘ کا جعلی ’ایکس‘ اکاؤنٹ ’باہوت بلوچ ‘ ہمیشہ کے لیے ختم

افواجِ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والا ’را‘ کا جعلی ’ایکس‘ اکاؤنٹ ’باہوت بلوچ ‘ ہمیشہ کے لیے ختم

سوشل میڈیا پر افواجِ پاکستان کے خلاف منظم طور پر منفی پروپیگنڈا کرنے والا بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا جعلی ’ایکس‘ اکاؤنٹ ’باہوت بلوچ‘ مستقل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اکاؤنٹ بیرونی عناصر کے زیرِ اثر چلایا جا رہا تھا اور اس کے ذریعے گمراہ کن معلومات، جھوٹی خبروں اور اشتعال انگیز مواد کی مسلسل ترسیل کی جا رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور افواج کے خلاف بھونکنے والے بی ایل اے کے دو بڑے ٹویٹر اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بند

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس اکاؤنٹ کو ایک منظم نیٹ ورک کے تحت چلایا جا رہا تھا، جس کا مقصد پاکستان کے اندرونی استحکام کو متاثر کرنا اور ریاستی اداروں کے خلاف عوامی اعتماد کو کمزور کرنا تھا۔

حکام کے مطابق اس اکاؤنٹ کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے وابستہ ایک افسر کرنل دیپک نیگی کا نام بھی سامنے آیا ہے، جو مبینہ طور پر اس پروپیگنڈا مہم کی نگرانی کر رہا تھا۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق ’باہوت بلوچ‘ نامی اکاؤنٹ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم تھا اور اس کے ہزاروں فالوورز تھے۔ یہ اکاؤنٹ خاص طور پر حساس مواقع پر سرگرم ہو جاتا تھا اور افواجِ پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات اور جھوٹے بیانیے کو فروغ دیتا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اس اکاؤنٹ کی سرگرمیوں پر کافی عرصے سے نظر رکھی جا رہی تھی، جس کے بعد متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے رابطہ کر کے شواہد فراہم کیے گئے۔ شواہد کی تصدیق کے بعد اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:ماہ رنگ بلوچ اور ایمان مزاری کے ’’لاپتہ افراد‘‘ میں شامل ایک اور شخص بی ایل اے کمانڈر نکلا

واضح رہے  کہ جدید دور میں سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، جہاں جھوٹی معلومات کے ذریعے عوامی رائے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس طرح کے نیٹ ورکس اکثر جعلی شناخت کے ذریعے کام کرتے ہیں اور مختلف ناموں سے اکاؤنٹس بنا کر مخصوص بیانیہ پھیلاتے ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا اشتعال انگیز مواد کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں اور مشکوک اکاؤنٹس کی نشاندہی متعلقہ اداروں کو کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق اس اکاؤنٹ کی معطلی ایک اہم پیش رفت ہے، تاہم اس بات کا امکان موجود ہے کہ اس طرح کے مزید نیٹ ورکس بھی سرگرم ہوں، جن کے خلاف مسلسل نگرانی اور کارروائی کی ضرورت ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *