اگرآپ کے پاس اینڈ رائیڈ فون سیٹ ہے؟ تو یہ خبر آپ کے لیے ہے، گوگل نے خطرے کی گھنٹی بجادی

اگرآپ کے پاس  اینڈ رائیڈ فون سیٹ ہے؟ تو یہ خبر آپ کے لیے ہے، گوگل نے خطرے کی گھنٹی بجادی

گوگل نے دنیا بھر میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک تشویشناک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت استعمال ہونے والے اینڈ رائیڈ فونز میں سے تقریباً 40 فیصد ایسے ہیں جو نئے اور جدید سائبر حملوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ گوگل کے مطابق یہ فونز پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چل رہے ہیں، جن کے لیے اب سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم نہیں کی جاتیں۔

گوگل کی جانب سے جاری کردہ تازہ اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ کے ساتھ اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ اینڈرائیڈ 12 اور اس سے پرانے ورژن، بشمول اینڈرائیڈ 11 اور اس سے نیچے کے سسٹمز، اب جدید سائبر خطرات سے مؤثر طور پر محفوظ نہیں رہیں گے۔ کمپنی کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں صرف 58 فیصد اینڈرائیڈ فونز ایسے ہیں جو گوگل کی سیکیورٹی سپورٹ کے دائرۂ کار میں آتے ہیں، جبکہ باقی 40 فیصد سے زائد فونز مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والوں کیلئے اہم خبر

تازہ ترین چارٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کو ماہرین نے انتہائی تشویش ناک قرار دیا ہے۔ ڈیٹا کے مطابق دسمبر میں جمع کی گئی معلومات کے وقت جدید ترین آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 16 صرف 7.5 فیصد فونز میں استعمال ہو رہا تھا، جبکہ اینڈرائیڈ 15، 19.3 فیصد، اینڈرائیڈ 14، 17.9 فیصد اور اینڈرائیڈ 13، 13.9 فیصد فونز پر موجود تھا۔

گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ کے یہ چاروں ورژن اس لیے اہم ہیں کیونکہ کمپنی اب اینڈرائیڈ 12 یا اس سے پرانے ورژنز کے لیے سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم نہیں کر رہی۔ اس صورتحال کے باعث ایک ارب سے زائد اینڈرائیڈ صارفین ایسے فونز استعمال کر رہے ہیں جنہیں کسی بھی نئے سائبر حملے، ڈیٹا چوری، رینسم ویئر یا ہیکنگ سے محفوظ بنانے کا کوئی مؤثر طریقہ باقی نہیں رہا۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانے اینڈرائیڈ فونز ہیکرز کے لیے آسان ہدف بن چکے ہیں، کیونکہ ان میں موجود سیکیورٹی خامیوں کو دور نہیں کیا جا رہا۔ ماہرین نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ بینکنگ ایپس، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ذاتی ڈیٹا ایسے فونز پر شدید خطرے میں ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:حکومت کا قومی کھلاڑیوں کو نیا اعزاز دینے کا اعلان، بڑی رقم مقرر

دوسری جانب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کو بھی اپنے آئی فون صارفین کو iOS 26 پر اپ گریڈ کرنے پر آمادہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ جب تک صارفین نیا آپریٹنگ سسٹم انسٹال نہیں کرتے، وہ بھی سائبر حملوں کے خطرے سے دوچار رہتے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ عارضی نوعیت کا ہے، کیونکہ آنے والے مہینوں میں زیادہ تر آئی فون صارفین اپ ڈیٹ کر لیں گے، جبکہ ایپل کے ایسے آئی فونز کی تعداد بہت کم ہے جو مکمل طور پر سیکیورٹی سپورٹ سے باہر ہو چکے ہوں۔

گوگل اور سیکیورٹی ماہرین نے اینڈرائیڈ صارفین کو واضح مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کا فون اینڈرائیڈ 13 یا اس سے نئے ورژن پر اپ ڈیٹ نہیں ہو سکتا، تو انہیں سنجیدگی سے نیا فون خریدنے پر غور کرنا چاہیے، تاکہ وہ اپنے ڈیٹا، مالی معلومات اور پرائیویسی کو ممکنہ سائبر خطرات سے محفوظ رکھ سکیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *