ٹی 20 ورلڈ کپ ، بھارت کے ساتھ بائیکاٹ کے بعد پاکستانی ٹیم کے لیے سب سے بڑا خطرہ سامنے آگیا

ٹی 20 ورلڈ کپ ، بھارت کے ساتھ بائیکاٹ کے بعد پاکستانی ٹیم کے لیے سب سے بڑا خطرہ سامنے آگیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر کے عالمی کرکٹ میں ایک نیا اور غیر معمولی موڑ پیدا کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی، کھیلوں میں سیاسی مداخلت اور موجودہ بھارتی کرکٹ قیادت کے کردار کے خلاف احتجاج کے طور پر سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ تھا اور آئی سی سی میں بھارتی اثر و رسوخ نے کھیل کی غیر جانبداری کو شدید نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ میں میچ کا فیصلہ، پاکستان ٹیم کے کیپٹن سلمان علی آغا کا بڑا اعلان

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ’کرکٹ کو سیاست سے پاک رکھنا ناگزیر ہے اور اسی اصولی مؤقف کے تحت بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔

اس فیصلے نے پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے منتظر کروڑوں شائقین کو حیران کر دیا ہے، جبکہ عالمی کرکٹ حلقوں میں بھی اس اقدام پر شدید بحث جاری ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ محض ایک میچ کا نہیں بلکہ کھیلوں میں اصول پسندی اور انصاف کی جنگ کی علامت بن چکا ہے۔

بھارت کی غیر موجودگی کے بعد یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا حریف کون ہوگا؟ ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ اب پاکستان کے لیے امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا کے خلاف تمام میچز جیتنا انتہائی ضروری ہو چکے ہیں تاکہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر مضبوط پوزیشن برقرار رکھ سکے، ماہرین پاکستان کے لیے تمام ٹیموں کو خطرہ قرار دے رہے ہیں۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ یہ ٹیمیں کاغذ پر کمزور دکھائی دیتی ہیں، تاہم ٹی 20 فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا۔ کسی ایک میچ میں ناکامی پاکستان کے سیمی فائنل کے امکانات کو شدید متاثر کر سکتی ہے۔

ماہرین نے نشاندہی کی ہے کہ پاکستان کے لیے اصل خطرہ بھارت نہیں بلکہ موسم بن سکتا ہے۔ پاکستان کے تمام گروپ میچز سری لنکا میں شیڈول ہیں، جہاں غیر متوقع بارشیں اکثر کھیل کا رخ بدل دیتی ہیں۔ سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے افتتاحی میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی بھی کر رکھی ہے، جس سے میچ کے مکمل نہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:ٹی20 ورلڈ پاکستان کا جاندار مؤقف، عالمی کرکٹ میں نیا سفارتی موڑ، بنگلہ دیش کا اظہار تشکر

اگر کسی میچ میں بارش کے باعث کھیل مکمل نہ ہوا تو پاکستان کو نہ صرف پوائنٹس کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ نیٹ رن ریٹ بھی متاثر ہو سکتا ہے، جو اگلے مرحلے میں کوالیفکیشن کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوتا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق بارش اور موسمی رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، تاہم صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی غیر موجودگی کے باوجود پاکستان کے لیے یہ ورلڈ کپ آسان نہیں ہوگا اور ہر میچ فائنل کی حیثیت رکھتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *