پاکستان کی طرف سے ایران امریکا جنگ کے خاتمے کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو سراہتے ہوے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان سے اظہار محبت کرتے ہوے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگا دیا ہے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر(ایکس) پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کا تہہ دل سے مشکور ہے اور اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی اصل ترجیح ایک ایسی جنگ کا خاتمہ ہے جو اس پر مسلط کی گئی ہے، اور وہ بھی مستقل اور حتمی بنیادوں پر۔
وزیر خارجہ نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ ایران میں ہونے والے ایک مظاہرے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں شرکاء کو مختلف پلے کارڈز اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان پلے کارڈز پر پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے اور ایرانی عوام کی جانب سے پاکستان سے اظہارِ محبت کیا گیا۔
حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے مثبت اور متوازن کردار ادا کرتے ہوئے ایران کی حمایت کی، حملوں کی مذمت کی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر سرگرم رہا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان خطے میں امن کے قیام اور جنگ کے خاتمے کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ایرانی وزیر خارجہ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے اور اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ایران کی جانب سے پاکستان کے لیے اس طرح کے جذبات کا اظہار دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور اعتماد کی فضا کا عکاس ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔