عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ،حکومت نے اہم اعلان کردیا

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ،حکومت نے اہم اعلان کردیا

حکومت نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر عالمی اور مقامی قیمتوں کے فرق کا مسلسل جائزہ لینے کا اعلان کر دیا ہے،اس حوالے سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران شرکاء کو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ قیمتوں میں ممکنہ ردوبدل کے لیے پالیسی سازی کا عمل بھی جاری ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی کا نظام مکمل طور پر مستحکم ہے۔ مزید بتایا گیا کہ خام تیل اور ریفائنڈ مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر برقرار ہیں، جبکہ موجودہ درآمدی معاہدوں کے باعث آئندہ ہفتوں میں سپلائی متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر

حکام کے مطابق مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کی بڑی کھیپ پہلے ہی بک کی جا چکی ہے، جبکہ مزید درآمدی جہازوں کی آمد سے ذخائر میں مزید اضافہ کیا جائے گا،اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ بندرگاہوں سے ریفائنریز اور پیٹرول پمپوں تک ترسیلی نظام معمول کے مطابق کام کر رہا ہے اور کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں۔

بتایا گیا کہ ملکی ریفائنریز اپنی پیداوار معمول کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں مکمل صلاحیت پر کام جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق پیداوار میں تسلسل توانائی کے شعبے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختلف ممالک سے تیل کی خریداری کے لیے حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور سپلائی چین کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی ہر سطح پر یقینی بنائی جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *