حکومتِ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ مذاکرات کے سلسلے میں آنے والے غیر ملکی مندوبین اور صحافیوں کے لیے خصوصی ویزا سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے پر ان افراد کو آن ارائیول ویزا جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ امیگریشن حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام متعلقہ وفود اور صحافیوں کو فوری سہولت فراہم کی جائے، جبکہ تمام ایئر لائنز سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایسے مسافروں کو بغیر ویزا بورڈنگ کی اجازت دیں۔
قبل ازیں وزارتِ داخلہ کی جانب سے “اسلام آباد ٹاکس 2026” کے شرکاء کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، جن کے تحت ایئرپورٹس پر سہولت ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ آنے والے مہمانوں کو فوری رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں وزارتِ داخلہ نے وزارتِ خارجہ، وزارتِ دفاع اور متعلقہ ایئر لائنز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مذاکرات میں شرکت کے لیے آنے والے تمام افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور ان کے سفر کو آسان بنایا جائے۔