محکمہ موسمیات نے آج 9 فروری سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش، برفباری اور تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مغربی ہواؤں کا یہ نظام آج سے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوگا اور 10 فروری تک مختلف خطوں میں موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمالی اور وسطی علاقوں میں آج 9 فروری کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بلند مقامات پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، ژوب، ہرنائی، قلات اور مستونگ میں موسم سرد اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں 9 اور 10 فروری کے دوران چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں آج 9 فروری کی شام سے 10 فروری تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ مری اور گلیات سمیت بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لاہور میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے بعض اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 9 فروری کی رات سے 10 فروری تک موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گوانچے اور شگر میں بارش اور برفباری جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 9 اور 10 فروری کے دوران برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات اور وادی نیلم سمیت کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں