لاہور میں منعقد ہونے والے پلیئرز آکشن میں کرکٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والے 800 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز اپنے اپنے 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دے رہی ہیں، یہ آکشن اس لحاظ سے بھی تاریخی حیثیت رکھتا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کا انتخاب آکشن کے ذریعے کیا جا رہا ہے، جس نے شائقین کرکٹ کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
اس آکشن کی خاص بات پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس کی شاندار کارکردگی ہے، جنہوں نے حالیہ عرصے میں متعدد ریکارڈز قائم کر کے پاکستان کا نام روشن کیا۔
ملتان سے تعلق رکھنے والے سمیر منہاس نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں صرف 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری قرار پائی،یہ کارنامہ انجام دے کر انہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس کے علاوہ بھارت کے خلاف فائنل میچ میں سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شائقین کو متاثر کیااس اننگز کے دوران انہوں نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی جانب سے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں باؤنڈریز کے ذریعے سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
آج لاہور کے ایکسپو سینٹر میں پلیئرز آکشن میں سب سے پہلے پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم کے عوض اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔اس کے بعد انڈر 19 کرکٹ کے ابھرتے ہوئے اسٹار سمیر منہاس کو خریدنے کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان بولی کا عمل خاصا دلچسپ رہا تاہم بالآخر اسلام آباد یونائیٹڈ نے 1 کروڑ 90 لاکھ روپے کی بولی لگا کر سمیر منہاس کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا۔پلیئرز آکشن میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان سپر لیگ نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی کرکٹ کا ایک مضبوط اور مقبول پلیٹ فارم بن چکی ہے۔