پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے بابر اعظم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا

پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے بابر اعظم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن سے قبل فرنچائزز کی جانب سے ریٹین اور ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی نے اپنے کپتان بابر اعظم کو ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو فرنچائز کے لیے ایک بڑا اور اسٹریٹجک قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی نے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے،  بابر اعظم اور صائم ایوب دونوں پشاور زلمی کی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل تھے، تاہم پی ایس ایل کے قوانین کے مطابق فرنچائزز ہر کیٹیگری میں صرف ایک ہی کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں، جس کے باعث زلمی کو مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم کا نیا کارنامہ ، ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا

پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم کو ریٹین کرنے کے فیصلے کو ٹیم کی قیادت اور تسلسل کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ اس سے زلمی فینز کی خوشی بھی دوبالا ہوگئی ہے ،  بابر اعظم نہ صرف ٹیم کے کپتان ہیں بلکہ ان کا شمار پی ایس ایل کے کامیاب ترین بلے بازوں میں ہوتا ہے، جس کی وجہ سے فرنچائز نے ان پر اعتماد برقرار رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق صائم ایوب کو ریلیز کیے جانے کے بعد وہ آئندہ پی ایس ایل پلیئرز آکشن میں ہر فرنچائز کے لیے دستیاب ہوں گے ، صائم ایوب کی حالیہ کارکردگی کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نیلامی میں ان پر کئی فرنچائزز کی نظریں ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز آج اس بات کا حتمی فیصلہ کریں گی کہ وہ کن کھلاڑیوں کو ری ٹین کریں گی اور کن کو ریلیز کیا جائے گا،  اس فیصلے کے بعد پی ایس ایل 11 کے لیے پلیئرز آکشن کا مرحلہ شروع ہو گا، جس میں ٹیمیں اپنی حکمت عملی کے تحت اسکواڈ کو حتمی شکل دیں گی۔

editor

Related Articles