تہاڑ جیل میں چیک باؤنس کیس میں قید بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کی اہلیہ رادھا نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر بالی ووڈ کے ساتھی اداکاروں کی تعریف کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار راجپال یادو چیک باؤنس کیسز میں دہلی کی تہاڑ جیل حکام کے سامنے سرنڈر کر چکے ہیں، تاہم وہ شدید مالی مشکلات کے باعث قرض کی رقم ادا نہ کر سکے۔
اداکار کی اہلیہ رادھا نے بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب نے ان کا ساتھ دیا ہے، انڈسٹری نے بھرپور تعاون کیا ہے، ہم سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اداکار کی ضمانت کی سماعت آج ہوگی اور ان کا خاندان پرامید ہے کہ وہ آج ضمانت پر رہا ہو جائیں گے کیونکہ فلم انڈسٹری کے کئی اداکار ان کی حمایت میں قدم آگے بڑھا رہے ہیں۔
راجپال یادو کی مدد کرنے والوں میں سونو سود، میکا سنگھ اور گرمیٹ چوہدری شامل ہیں، جب کہ سلمان خان، اجے دیوگن اور ورون دھون نے بھی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یادو کے ایک جذباتی بیان کی خبر سامنے آئی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انڈسٹری میں ان کا کوئی دوست نہیں ہے، جس کے بعد بالی ووڈ کے کئی نمایاں نام آگے بڑھ کر ان کی حمایت میں شامل ہو گئے۔