دنیا بھر میں آن لائن خریداری کے رجحان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مگر اس کے ساتھ سائبر جرائم کی شرح بھی خطرناک حد تک بڑھتی جا رہی ہے۔
عالمی سائبر سیکیورٹی کمپنی ’کیسپرسکی‘ نے 2025 کے دوران آن لائن خریداروں کو پہلے سے زیادہ ماہر، پیچیدہ اور دھوکہ دہی پر مبنی سائبر حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
کیسپرسکی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ 11.11 گلوبل شاپنگ ایونٹ کے دوران سائبر مجرموں کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مجرم معروف ای کامرس پلیٹ فارمز جیسے ’ایمیزون‘، ’لازادا‘ اور دیگر بڑے برانڈز کا جعلی روپ دھار کر صارفین سے حساس معلومات چوری کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق متاثرہ افراد نہ تو آرڈر وصول کرتے ہیں اور نہ ہی رقوم واپس ملتی ہیں، جبکہ کئی کیسز میں صارفین کے بینک اکاؤنٹس مکمل طور پر خالی کر لیے جاتے ہیں۔
جعلی لنکس، ای میلز اور اشتہارات سب سے بڑا ہتھیار
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ دھوکہ دہی کا سب سے عام طریقہ جعلی لنکس ہوتے ہیں جو خریداروں کو ای میل، ایس ایم ایس یا سوشل میڈیا پر چلنے والے مشتبہ اشتہارات کے ذریعے بھیجے جاتے ہیں۔
ان جعلی ویب سائٹس کا ڈیزائن انتہائی پیشہ ورانہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے صارفین بغیر تصدیق کیے اپنی ادائیگی کی معلومات درج کر دیتے ہیں۔
’سیل ایونٹس میں جلد بازی سب سے بڑی کمزوری ہے‘، کیسپرسکی ماہر
کیسپرسکی کی سینیئر سیکیورٹی ماہر اولگا التوخووَا نے کہا کہ بڑے سیل ایونٹس کے دوران صارفین کم قیمت میں زیادہ سامان حاصل کرنے کی خواہش میں غیر معمولی جلد بازی کر جاتے ہیں، جس کا فائدہ سائبر جرائم پیشہ عناصر اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’کسی بھی مشکوک اشتہار، لنک یا ای میل پر کلک نہ کریں۔ ادائیگی کے وقت ہمیشہ تصدیق کریں کہ ویب سائٹ حقیقی اور محفوظ ہے اور بھیجنے والا معتبر ہے‘۔
ماہرین کے اہم مشورے الگ کارڈ، فوری بینک کال، ریویوز لازمی
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق آن لائن خریداری کے لیے الگ بینک کارڈ کا استعمال سب سے محفوظ طریقہ ہے، اگر غلطی سے حساس معلومات کسی مشکوک لنک پر درج ہو جائیں تو فوری طور پر بینک کو اطلاع دیں۔
اپنی بینک اسٹیٹمنٹ باقاعدگی سے چیک کریں
کسی نئے یا کم معروف آن لائن اسٹور سے خریداری سے پہلے ریویوز اور ریٹنگز لازمی دیکھیں۔ ویب سائٹ کی ایڈریس لائن میں موجود معمولی غلطی بھی بڑے فراڈ کی نشانی ہو سکتی ہے۔
جدید سیکیورٹی سافٹ ویئر کا استعمال ناگزیر
کیسپرسکی نے صارفین کو مشورہ دیا کہ فشنگ، مالویئر اور جعلی آن لائن اسٹورز کے بڑھتے خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے اپنے تمام آلات پر ’کیسپرسکی پریمئیم‘ جیسے جدید سیکیورٹی سوفٹ ویئر کا استعمال ضروری ہے۔