قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان بھر میں پراپرٹی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں ہونے والے فراڈ کی روک تھام اور شفاف خرید و فروخت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جدید ترین آن لائن پورٹل تیار کر لیا ۔
خوابوں کا گھر کہیں دھوکے کا جال نہیں ، نیب نے بڑھتی شکایات کا نوٹس لیتے جدید ترین آن لائن نظام تیار کر لیا جو کہ صرف ایک کلک کی دوری پر ہوگا ۔
اس سٹم سے فراڈ ،جعلسازی کا خاتمہ ممکن، پورے پاکستان کے پلاٹس کا ریکارڈ ڈیجیٹل پورٹل پر ہوگا، پلاٹ یا سوسائٹی کی قانونی حیثیت، این او سی، نقشہ، مالکان کی تفصیلات ، تصدیق شدہ رپورٹ خرید و فروخت کیلئے استعمال ہوگی۔
اس سسٹم کے ذریعے ہر شہری کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ کسی بھی پلاٹ یا ہاؤسنگ سوسائٹی کی قانونی حیثیت، این او سی، نقشہ، اور اصل مالکان سے متعلق تفصیلات صرف چند کلکس میں حاصل کر سکے گا۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام اتنا وسیع اور ہمہ گیر ہوگا کہ پورے پاکستان کے پلاٹس کا مکمل ریکارڈ اس ڈیجیٹل پورٹل پر موجود ہوگا، عوام صرف پلاٹ نمبر کے ذریعے کسی بھی پلاٹ کی تصدیق کر سکیں گے اور سسٹم سے جاری ہونے والی تصدیق شدہ رپورٹ کو خرید و فروخت کے لیے قانونی دستاویز کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔
اس سسٹم کا مقصد نہ صرف شہریوں کو جعلسازی سے بچانا ہے بلکہ ہاؤسنگ اسکیمز میں اوور سیلنگ، جعلی فائلز، اور غیر قانونی زمینوں کی خرید و فروخت جیسے سنگین جرائم کا خاتمہ بھی ہے۔
نیب کے مطابق یہ پلیٹ فارم قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز، اور عام شہریوں کے لیے ایک مؤثر ٹول ثابت ہوگا، جس سے ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔
علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب قدم اٹھاتے ہوئے اور دھوکا دہی کے کیسز کے متاثرین کو سہولت دینے کے لیے ایسا نظام تیار کیا ہے، جس کے ذریعے فراڈ کرنے والوں سے برآمد کی گئی رقوم آن لائن متاثرین تک پہنچائی جائیں گی۔
نیب ہیڈکوارٹرز سے جاری ہونے والے ایک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’متاثرین کو اپنی رقوم وصول کرنے میں درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ برآمد شدہ فنڈز آن لائن متاثرین کو منتقل کیے جائیں گے۔