سوزوکی موٹر کارپوریشن نے اپنی گاڑیوں کی رینج میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں خصوصی طور پر مقبول ماڈل آلٹو کو ہلکا، سستا اور زیادہ مؤثر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ کمپنی کے مطابق مستقبل قریب میں گاڑیوں کا وزن کم کرنے اور الیکٹرک ماڈلز کے لیے چھوٹی بیٹریوں کا استعمال اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سوزوکی جاپان گاڑیوں کی توانائی بچت کو بڑھانے کے لیے وزن میں کمی اور جدید حفاظتی ٹیکنالوجیز کے استعمال پر کام کر رہی ہے۔ کمپنی کی کوشش ہے کہ گاڑیوں کا مجموعی وزن کم کیا جائے تاکہ توانائی کی کھپت میں کمی آئے اور ڈرائیونگ رینج بہتر ہو۔
آلٹو ماڈل کے حوالے سے کمپنی نے اہم ہدف مقرر کیا ہے، جس کے مطابق آئندہ دس سال میں آلٹو کا وزن 15 فیصد تک کم کردیا جائے گا۔ اس وقت آلٹو کا وزن تقریباً 680 کلوگرام ہے، جبکہ مستقبل میں اسے کم ہوکر تقریباً 100 کلوگرام تک لایا جائے گا۔ وزن میں کمی چھوٹے انجن اور چھوٹی بیٹریوں کے استعمال سے ممکن بنائی جائے گی، جس سے گاڑی کی مجموعی قیمت بھی کم ہوگی۔
کمپنی کے مطابق وزن میں کمی کی یہ حکمت عملی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی اور فیول ایفیشنسی میں بہتری سے متعلق وسیع منصوبے کا حصہ ہے۔ سوزوکی موٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ صارفین کی بڑھتی ہوئی ترجیح سستی، ماحول دوست اور کم خرچ گاڑیوں کی طرف ہے، جس کے باعث یہ تبدیلیاں وقت کی ضرورت بن چکی ہیں۔
سوزوکی کا کہنا ہے کہ کمپنی ان تبدیلیوں کے باوجود کارکردگی اور سیکیورٹی کے اعلیٰ معیار برقرار رکھے گی۔ وزن میں کمی نہ صرف گاڑی کو مزید قابل برداشت بنائے گی بلکہ ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
آلٹو ماڈل میں مجوزہ تبدیلیوں کو سوزوکی کا ایک بڑا قدم قرار دیا جارہا ہے، جس سے کمپیکٹ کار مارکیٹ میں مزید سستی، مؤثر اور ماحول دوست گاڑی میسر آئے گی۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ جیسے جیسے یہ تبدیلیاں مرحلہ وار نافذ ہوں گی، صارفین کو کم قیمت اور بہتر کارکردگی کی گاڑیاں دستیاب ہوتی جائیں گی۔