وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا 28 ویں ترمیم سے متعلق بڑا بیان سامنے آگیا

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا 28 ویں ترمیم سے متعلق بڑا بیان سامنے آگیا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے پیدا ہو گیا تو 28 ویں آئینی ترمیم بجٹ سے پہلے پارلیمنٹ میں لائی جا سکتی ہے، اور کوشش بھی یہی کی جائے گی کہ یہ عمل زیادہ سے زیادہ مئی تک مکمل ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا 28ویں آئینی ترمیم بھی ہونے جا رہی ہے؟، حکومتی وضاحت سامنے آ گئی

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے عندیہ دیا کہ ’اگر تمام امور پر بیک وقت اتفاق رائے نہ ہو سکا تو ترامیم ’قسطوں‘میں یعنی مختلف حصوں کی صورت میں بھی سامنے آ سکتی ہیں‘۔

 رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ، وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم، بلدیاتی انتخابات، آبادی سے متعلق معاملات، صحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں پر اتفاق رائے ضروری ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ان معاملات پر مشاورت مکمل ہوگی، ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جیسے جیسے اتفاق رائے ہوتا جائے گا، ویسے ویسے وہ نکات ترمیم کا حصہ بنتے جائیں گے۔ اسی لیے یہ بھی ممکن ہے کہ 28 ویں ترمیم مکمل شکل میں پیش ہونے کے بجائے مختلف مراحل میں آئے اور کچھ ترامیم پہلے جبکہ باقی بعد میں منظور کی جائیں‘۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکانات مسترد

گفتگو کے دوران مشیر سیاسی امور سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکانات کے حوالے سے سوال کیا گیا جس پر رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ ایسا کوئی اشارہ یا صورتحال فی الحال سامنے نہیں آ رہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کبھی ایسی صورتحال پیدا ہوئی جس میں قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو تو ریاستی تحفظ ہر دوسرے معاملے پر فوقیت رکھے گا۔

مزید پڑھیں:اٹھائیسویں ترمیم کب پیش کی جائے گی؟وزیر مملکت نے بڑی خبر دےدی

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن کی سربراہی مسلح افواج کر رہی ہیں، اس لیے صوبائی حکومت کا اس میں براہ راست کردار زیادہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق ’پی ٹی آئی کی سوچ کے مطابق صرف بیانات جاری رہیں گے، لیکن عملی طور پر گورنر راج کی نوبت آتی نظر نہیں آتی‘۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *