محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ مغربی ہواؤں کے باعث بلوچستان بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں بھی سردی بڑھنے کا امکان ہے جبکہ دھند اور سموگ کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی ہے تاہم لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور ملتان سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں دھند اور سموگ چھائی رہے گی جس سے شہریوں کو حدِ نگاہ میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونحوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند متوقع ہے ۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند پڑنے کی توقع ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دسمبر میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہے گا، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔