سری لنکا میں تباہ کن بارشوں کے متاثرین سے یکجہتی سری لنکن ٹیم نے مکمل میچ فیس عطیہ کرنے کا اعلان کر دیاسری لنکا میں حالیہ شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ٹوئنٹی20 سیریز کے فائنل میچ سے پہلے ایک انتہائی جذباتی منظر دیکھنے میں آیا، جہاں دونوں ٹیموں نے میدان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل سکوت کے ساتھ اس لمحے میں شرکت کی، جو پورے اسٹیڈیم میں غم اور احترام کا ماحول پیدا کر گیا۔
اس موقع پر سری لنکن ٹیم نے ایک بڑا اور انسانیت دوست فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سیریز کی مکمل ٹور منی اور میچ فیس سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کی جائے گی۔
یہ اعلان ٹیم کے ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا نے پریس کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف اپنے ہم وطنوں کو درپیش مشکلات پر انتہائی افسردہ ہیں اور قوم کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں کھڑے ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔
جے سوریا نے کہا کہ پوری ٹیم کی جانب سے ان تمام خاندانوں کے لیے گہری ہمدردی کا پیغام ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا یا جن کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت اتحاد اور تعاون کا ہے، اور سری لنکن ٹیم اس ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے نبھائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وطن واپسی کے بعد بھی ٹیم ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے گی اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مزید اقدامات شروع کیے جائیں گے۔
کھلاڑی نہ صرف مالی تعاون کریں گے بلکہ مختلف فاؤنڈیشنز اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر زمینی سطح پر بھی امدادی کاموں کا حصہ بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ایک دوسرے کی مدد کر کے اس بحران میں متحد رہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پوری قوم کے اشتراک سے اس مشکل صورتحال پر جلد قابو پایا جا سکے گا۔