پاکستان میں موبائل صارفین کے لیے عید الفطر سے قبل ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ یعنی فائیو جی (5G) سروسز کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اسپیکٹرم نیلامی کے بعد لائسنس جاری کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور قوی امکان ہے کہ آئندہ ہفتے ٹیلی کام آپریٹرز کو باقاعدہ طور پر فائیو جی لائسنس جاری کر دیے جائیں گے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یکساں مقابلے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ملک کی تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو بیک وقت لائسنس جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں پی ٹی اے نے سخت شرائط وضع کی ہیں، جن کے تحت ہر کمپنی کو 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اب تک ایک بڑی کمپنی یہ ضمانت جمع کروا چکی ہے، جبکہ بقیہ دو کمپنیوں کی جانب سے بھی جلد ہی وصولی متوقع ہے۔
اس تاریخی پیش رفت کو یادگار بنانے کے لیے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹر میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ لائسنس منعقد کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ 5G ٹیکنالوجی کے آنے سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں کئی گنا اضافہ ہوگا بلکہ آئی ٹی برآمدات، ڈیجیٹل اکانومی اور فری لانسنگ کے شعبوں میں بھی انقلاب برپا ہو جائے گا۔ پاکستانی صارفین، جو طویل عرصے سے اس جدید ٹیکنالوجی کا انتظار کر رہے ہیں، اب عید کے موقع پر اس تیز ترین نیٹ ورک سے مستفید ہونے کی امید کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کونسی فریکوئنسی والی موبائل ڈیوائسز پر 5G انٹرنیٹ چلے گا، پی ٹی اے نے تفصیل بتا دی

