ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کا اعلان

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کا اعلان

انسپکٹر جنرل (آئی جی)  پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور سڑکوں پر قانون کی مکمل بالادستی قائم کرنے کے لیے سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور انہیں فوری طور پر گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے نافذ کر دیے

آئی جی پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کو شخصی ضمانت پر ہرگز رہا نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’حوالات میں بند ملزمان عدالت سے باقاعدہ ضمانت حاصل کرنے کے بعد ہی رہا ہوں گے، قانون شکنی کرنے والوں کے لیے نرمی کی کوئی گنجائش نہیں‘۔

محکمہ ٹریفک کے جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق اس وقت صوبے بھر میں ٹریفک قوانین توڑنے والے 1390 افراد گرفتار ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ سخت نگرانی اور فوری سزاؤں سے ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ٹریفک پولیس کو واضح تنبیہ کرتے ہوئے ایک ماہ کا وقت دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر صوبے میں ٹریفک سسٹم بہتر نہ ہوا تو ٹریفک پولیس کے متبادل محکمے کی تشکیل پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:کراچی میں ٹریفک قوانین پر آج سے عملدرآمد، 7 ہزار روپے تک جرمانہ اور بغیر ہیلمٹ بائیک ضبط ہوگی

وزیر اعلیٰ نے شہریوں کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک اہلکاروں کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار نہیں دیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا، حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ سخت قوانین کے نفاذ کے بعد ٹریفک پولیس کی چیکنگ بھی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *