ملک بھر میں سردی کی نئی لہر ، متعدد شہر اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

ملک بھر میں سردی کی نئی لہر ، متعدد شہر اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی نئی شدت کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ادارے کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی موسم میں سختی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں موسم سرد ، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی آگئی

محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات سمیت پنجاب کے مختلف پہاڑی و میدانی شہروں میں سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، خانیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، کوٹ ادو اور بہاولپور میں صبح اور شام کے وقت دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے شمالی اضلاع، گلگت بلتستان اور کشمیر میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی پڑے گی، جہاں درجہ حرارت مزید گرنے کی توقع ہے۔ بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے ماحولیاتی درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:آئندہ 7روز تک موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ پشاور، صوابی، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت قریبی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھا سکتی ہے، جس سے سفر کرنے والوں کو مشکلات پیش آنے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز تک سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ شہریوں کو صبح اور رات کے اوقات میں گرم لباس استعمال کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

Related Articles