پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر کے ساتھ کٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے، عطا اللہ تارڑ

پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر کے ساتھ کٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے، عطا اللہ تارڑ

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبر پختونخوا حکومت پر دہشتگردوں کی پشت پناہی اور اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے خلاف منظم سازشیں کی جارہی ہیں، خیبر پختونخوا میں اسمگلنگ کا پیسہ دہشتگردی میں استعمال ہو رہا ہے۔

اتوار کو لاہور پریس کانفرنس کرتے ہوئےوزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک میں جان بوجھ کر بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جو منظم سازش کا حصہ ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کا بعض ملک دشمن عناصر کے ساتھ کٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد کچہری خود کش حملہ کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، عطا اللہ تارڑ

پریس کانفرنس میں عطا اللہ تارڑ نے مؤقف اختیار کیا کہ ‘افغانستان سے دراندازی روکنے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، لیکن پی ٹی آئی والے افغانستان کی حمایت میں ان کے غیر سرکاری ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ محمود اچکزئی اسمبلی میں کھڑے ہو کر بار بار افغانستان کی بات کرتے ہیں‘۔

وزیر اطلاعات نے الزام لگایا کہ بشام دھماکے میں پکڑی گئی گاڑیاں نان کسٹم پیڈ تھیں اور خیبر پختونخوا میں ہزاروں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں آج بھی دندناتی پھر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا حکومت برسوں میں اس مسئلے کا حل نہ نکال سکی۔ صوبے میں پہاڑ کاٹے جا رہے ہیں، معدنیات نکالی جا رہی ہیں اور غیر قانونی ٹھیکے دئیے جا رہے ہیں، سب کچھ حکومتی سرپرستی میں ہو رہا ہے‘۔

انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں اسمگلنگ حکومت کی نگرانی میں جاری ہے اور اس سے حاصل ہونے والا پیسہ دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔ عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ ’منشیات کی اسمگلنگ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا خود ملوث ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے لوگ دہشتگردوں کو شیلٹر فراہم کرتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں:’دی اکانومسٹ‘ کی رپورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی حقیقت بے نقاب کر دی، تمام جھوٹے الزامات کا جواب دینا ہوگا، عطا اللہ تارڑ

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی بانی پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ، بہتان اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔ ملکی مفاد پر سیاست کرنے والوں کو بھارتی چینلز پر بیٹھ کر بیانات دینے پر شرم آنی چاہیے‘۔ یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کمزور ہو، بھارت حملہ کرے اور عمران نیازی رہا ہو۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’خیبر پختونخوا میں سیاست اور دہشتگردی کا کٹھ جوڑ موجود ہے اور یہی وہ خرابیاں ہیں جن کی وجہ سے دہشتگردوں کا نیٹ ورک مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں 4 ہزار دہشتگردی کے مقدمات کے فیصلے التوا کا شکار ہیں‘۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر تماشے لگائے جاتے ہیں اور پولیس اہلکاروں کو دھکے دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں شدید اختلافات ہیں اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ صرف اپنی ملاقات کرانے کی ضد کرتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج ملک میں ایکسپورٹرز کو وہ مشکلات درپیش نہیں جو پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف معاشی اصلاحات پر کام کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کی قیادت دہشتگردوں کو پناہ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا بھارتی چینلز پر مؤقف پاکستان کے مؤقف کے خلاف ہے، کاش نورین نیازی بھارتی میڈیا پر ارتضیٰ شہید کا تذکرہ کرتیں یا معرکۂ حق کے حقائق بیان کرتیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ بھارتی چینلز پر پاکستان کے اہم دفاعی کارنامے، خصوصاً دشمن کا جہاز گرانے کا ذکر کیوں نہیں کیا گیا؟ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت افواہیں پھیلا کر افواجِ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ 9 مئی کے واقعات میں بانی پارٹی کی بہنیں مسلح جھتوں کے ساتھ موجود تھیں، جس کے شواہد موجود ہیں۔

سہیل آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ ’اڈیالہ کے باہر نعرے لگانا، تصاویر صاف کرنا اور جوتی کا ناپ لینا تو جانتے ہیں لیکن انہیں پراسیکیوشن کے اسپیلنگ تک نہیں آتے‘۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی حرکات سے واضح ہے کہ یہ ملک و اداروں کے خلاف پراپیگنڈا مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں پھیلائی جانے والی افواہوں کا مقصد خوف پیدا کرنا اور انتشار پھیلانا ہے، لیکن حکومت ملکی سلامتی اور آئینی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *