نجی ایئرلائن ’ایئر سیال‘ نے اپنی کیبن کریو ٹیم میں توسیع کے لیے خواتین امیدواروں کی بھرتی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ’واک اِن انٹرویوز‘ بدھ 17 دسمبر 2025 کو لاہور میں منعقد ہوں گے۔ ایئرلائن کے مطابق یہ بھرتی مہم نئے روٹس پر معیاری سروس برقرار رکھنے اور کیبن کریو کے عملے میں اضافہ کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔
ایئر سیال کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انٹرویوز لاہور کے معروف ’آواری ہوٹل، مال روڈ‘ میں لیے جائیں گے۔ یہ سلسلہ صبح 11:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انٹرویو میں ’پروفیشنل بزنس اٹیئر‘ میں آئیں تاکہ ان کی پیشہ ورانہ شخصیت کا بہتر تاثر قائم ہو سکے۔
ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ درخواست دہندگان صرف خواتین ہوں، جن کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہو اور کم از کم ’انٹرمیڈیٹ یا اے-لیول‘ کی تعلیم رکھتی ہوں۔ جسمانی معیار کے مطابق امیدوار کا قد کم از کم 5 فٹ 2 انچ ہونا ضروری ہے، جب کہ وزن ’بی ایم آئی‘ کے معیار کے مطابق ہونا چاہیے۔ مزید یہ کہ امیدوار غیر شادی شدہ ہوں۔
ایئر سیال کے مطابق مثالی امیدوار وہ ہوں گی جن کی ’اردو اور انگریزی‘ میں کمیونیکیشن اسکلز عمدہ ہوں، اعتماد اور خوش اخلاقی کے ساتھ پیشہ ورانہ شخصیت رکھتی ہوں اور مسافروں سے بہتر انداز میں ڈیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔
ایئرلائن نے یہ بھی بتایا کہ منتخب ہونے والی امیدواروں کو ابتدائی طور پر 100,000 روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، جب کہ اس کے علاوہ مختلف ’مراعات اور فوائد‘ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ منتخب عملے کا بنیادی اسٹیشن ’لاہور‘ ہی ہوگا۔
انٹرویو کے لیے آنے والی امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ ’اصل CNIC، اس کی ایک فوٹو کاپی، ایک پاسپورٹ سائز تصویر، تازہ ترین سی وی، اور میٹرک و انٹرمیڈی، اے-لیول کے سرٹیفیکیٹس کی نقول‘ لازمی طور پر لائیں۔
ایئر سیال کا کہنا ہے کہ یہ موقع نوجوان اور باصلاحیت خواتین کے لیے ہوابازی کے شعبے میں پیشہ ورانہ کیریئر بنانے کا ایک اہم اور سنہری موقع ثابت ہو سکتا ہے۔