امریکا کا ایران کے لیے خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات سے متعلق نیا جنرل لائسنس جاری

امریکا کا ایران کے لیے خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات سے متعلق نیا جنرل لائسنس جاری

امریکا نے ایران کے خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات سے متعلق ایک نیا جنرل لائسنس جاری کر دیا ہے جس کے تحت مخصوص شرائط کے ساتھ ایران کو تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ جنرل لائسنس ایران کو خام تیل اور پیٹرو کیمیکل شعبے میں محدود معاشی سرگرمیوں کی اجازت فراہم کرتا ہے، تاہم یہ اجازت مکمل طور پر غیر مشروط نہیں بلکہ ایک واضح ریگولیٹری فریم ورک کے تحت دی گئی ہے،لائسنس کی مدت 21اگست 2026تک مقرر کی گئی ہے۔

سرکاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ اس اجازت کے تحت ایرانی خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی بعض صورتوں میں بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوگی اور مخصوص حالات میں ان مصنوعات کی امریکا میں درآمد کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آبنائے ہرمز کھل گئی ، تیل کی قیمتیں گررہی ہیں ،ایرانی قیادت اب سمجھداری کا مظاہرہ کررہی ہے،ٹرمپ

تاہم امریکی محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ رعایت محدود نوعیت کی ہے اور اس کے تحت ایران کی خام تیل یا پیٹرو کیمیکل مصنوعات کو شمالی کوریا، کیوبا اور یوکرین کو برآمد یا ترسیل کی اجازت نہیں ہوگی، ان پابندیوں کا مقصد مخصوص بین الاقوامی پالیسی اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھنا ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدام ایک منظم معاشی اور قانونی ڈھانچے کے تحت کیا گیا ہے تاکہ بعض شعبوں میں تجارتی سرگرمیوں کو محدود سطح پر جاری رکھا جا سکے جبکہ دیگر حساس خطوں اور ممالک کے حوالے سے پابندیاں برقرار رہیں۔

اس فیصلے سے خطے میں توانائی کی منڈیوں اور ایران کی برآمدی پالیسیوں پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی اثرات آنے والے مہینوں میں واضح ہوں گے،امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ لائسنس وقتی اور کنٹرولڈ نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد موجودہ معاشی اور ریگولیٹری صورتحال کے مطابق ایک متوازن پالیسی اپنانا ہے۔

editor

Related Articles