فوج کے خلاف بات کرنے والا طبقہ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے، طاہر اشرافی

فوج کے خلاف بات کرنے والا طبقہ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے، طاہر اشرافی

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرافی نے کہا ہے کہ فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والا طبقہ دراصل پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔

ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرافی نے کہا کہ ’پاکستانی فوج 25 کروڑ عوام کی فوج ہے، اس کے خلاف سازشیں دراصل ریاست اور قوم کے خلاف سازشیں ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں:کیڈٹ کالج وانا میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیسے کامیاب ہوا، کمانڈر کرنل محمد طاہر نے تفصیل بتادی

حافظ طاہر اشرافی نے کہا کہ دنیا بھر میں افواجِ پاکستان اور سپہ سالار کی پذیرائی ہو رہی ہے، جبکہ مخالف بیانیہ پھیلانے والے عناصر ملک میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ملک میں افراتفری پیدا کرنے کا مقصد امن و استحکام اور معیشت میں خلل ڈالنا ہے، یہ بیانیہ دشمن کے مفاد میں ہے‘۔

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے ماضی میں جس طرح افغانستان کی مدد کی، کسی اور نے نہیں کی، اس کے باوجود اگر وہاں سے دہشتگرد ہمارے ملک میں دراندازی کریں تو یہ ناقابلِ قبول ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان سے کوئی آکر ہمارے بچوں کو نہ مارے‘۔

انہوں نے افغان طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو روکیں اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ طاہر اشرافی نے کہا کہ ’افغان سرزمین سے دہشتگردی نہیں ہونی چاہیے، یہی ہمارا مطالبہ ہے۔ کیا یہ غلط ہے؟‘

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی پر پابندی، خیبر پختونخوا میں گورنر راج، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا اہم بیان سامنے آگیا

حافظ طاہر اشرافی نے فلسطین کے مسئلے پر بھی دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی قابلِ مذمت ہے اور پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک ان کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ممالک ہیں جن کا اسرائیل سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ’کوئی اسرائیل کو تسلیم کرنے نہیں جا رہا، پاکستان کا مؤقف بدستور واضح ہے‘۔

مزید پڑھیں:عمران خان کی متنازع ٹویٹ کے بعد پی ٹی آئی سے مذاکرات کے تمام امکانات ختم ہوگئے، رانا ثنا اللہ

بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔ جب پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو دنیا ہمارے پیچھے کھڑی ہو گئی‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ دشمن بیانیے کو رد کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *