جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کیڈٹ کالج پر افغان خوارج کے دہشتگرد حملے کو ناکام بنانے والے آپریشن کے کمانڈر کرنل محمد طاہر نے کہا ہے کہ حملے کے بعد کیڈٹس اور اساتذہ کے حوصلے بدستور بلند ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور بھرپور کارروائی نے نہ صرف ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو بھی خاک میں ملا دیا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر نے اپنے انٹرویو میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لمحہ بہ لمحہ آپریشن کی نگرانی کی اور کمانڈرز کو واضح ہدایت دی کہ ‘قوم کے یہ معمار ہمارا سرمایہ ہیں، ان پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل مسلسل آپریشن روم سے صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر نے مزید بتایا کہ واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا جب پانچ افغانی خوارج نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ’خوارج نے اس تعلیمی ادارے کو نشانہ بنایا جو پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کی عوام کے لیے ایک قیمتی تحفے کے طور پر قائم کیا ہے۔‘
کرنل طاہر کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکہ کیا جبکہ دیگر چار دہشتگرد اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ’خوارج نے پہلے زیرِ تعلیم کیڈٹس کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔‘
آپریشن کمانڈر نے بتایا کہ فورسز نے دہشتگردوں کو مخصوص بلاک تک محدود کر کے طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا’ رات 10 سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان بھرپور آپریشن کے بعد تمام خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ الحمدللّٰہ، ہم نے ایک بڑے سانحے کو ہونے سے بچا لیا۔‘
واقعے کے دوران موجود کیڈٹس نے بتایا کہ وہ اس وقت ڈرل کمپیٹیشن کی تیاری کر رہے تھے جب اچانک ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ ایک کیڈٹ نے بتایا کہ ’ہمیں فوراً اندازہ ہو گیا کہ حملہ تعلیم کے دشمنوں نے کیا ہے، جو ہمیں علم کے راستے سے روکنا چاہتے ہیں، مگر ہم ڈٹے رہیں گے۔‘
ایک اور زیرِ تعلیم کیڈٹ نے بتایاکہ ’جب دھماکہ ہوا تو سارے کیڈٹس میدان میں تھے۔ ہمارے اساتذہ نے ہمیں تسلی دی کہ پاک فوج پہنچ چکی ہے، گھبرانے کی ضرورت نہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’فوج کے جوان ہمارے درمیان ڈھال بن کر کھڑے رہے۔ کچھ نے شہادتیں دیں، مگر ہمیں محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔‘
اساتذہ اور طللبا نے کہا کہ تعلیم دشمن عناصر کے یہ بزدلانہ حملے انہیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ ایک کیڈٹ نے پرعزم لہجے میں کہا کہ ’تعلیم کے دشمن کچھ بھی کر لیں، ہمیں علم کے سفر سے نہیں روک سکتے۔‘
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ حملہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغان خوارج پاکستان کے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر خوف و دہشت پھیلانا چاہتے ہیں۔ تاہم وانا آپریشن نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور عوام ان عناصر کے خلاف متحد ہیں۔
وانا کیڈٹ کالج پر افغان خوارج کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں نے بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی براہِ راست نگرانی میں ہونے والے اس آپریشن نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ کیڈٹس اور اساتذہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے، اور تعلیم کے دشمنوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔