منگلا ڈیم اَپ ریزنگ منصوبے کے متاثرین کا بڑا مسئلہ حل، نوٹیفکیشن جاری

منگلا ڈیم اَپ ریزنگ منصوبے کے متاثرین کا بڑا مسئلہ حل، نوٹیفکیشن جاری

آزاد کشمیر حکومت نے منگلا ڈیم اپ ریزنگ منصوبے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑا اور دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے ان کے بجلی کے تمام بقایا جات معاف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 2 ہزار 376 متاثرہ گھرانوں کے بجلی کے تمام پرانے واجبات مکمل طور پر ختم کر دیے گئے ہیں، جب کہ اس معافی کی مجموعی مالیت 13 کروڑ 91 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:منگلا ڈیم میں سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ گئی، پانی کا اخراج بند

محکمہ توانائی و آبی وسائل آزاد کشمیر نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بلوں کی معافی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ متعلقہ بجلی میٹرز پر موجود تمام بقایا جات کو ’زیرو‘ کر دیا جائے گا، جس سے متاثرین کو فوری ریلیف ملے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ منگلا ڈیم متاثرین کے برسوں پرانے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ منگلا ڈیم کی توسیع اور اپ ریزنگ کے باعث ہزاروں خاندانوں کو اپنی آبائی زمینیں، گھر اور روزگار چھوڑ کر نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔ متاثرین گزشتہ کئی دہائیوں سے بجلی کے بلوں میں رعایت اور بقایا جات کی معافی کا مطالبہ کرتے چلے آ رہے تھے۔

محکمہ کے مطابق حکومتِ آزاد کشمیر نے اس اقدام کے ذریعے نہ صرف ایک بڑی مالی رکاوٹ دور کر دی ہے بلکہ ان خاندانوں کے لیے سہولت اور اعتماد کی فضا بھی پیدا کی ہے، جو طویل عرصے سے حکومتی مدد کے منتظر تھے۔

مزید پڑھیں:تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی تشویشناک صورتحال، ارسا نے صوبوں کو خبردار کر دیا

عوامی حلقوں اور متاثرین نے اس فیصلے کو ’اہم اور دیرینہ مسئلے کا عملی حل‘ قرار دیتے ہوئے حکومت کے اقدام کو سراہا ہے۔ یہ فیصلہ ہزاروں خاندانوں کے لیے بڑی معاشی راحت کا باعث بنے گا اور حکومت کے لیے عوام دوست پالیسیوں کی ایک اہم مثال سمجھا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *