پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے آف سیزن کے دوران شائقین کو اسٹیڈیمز کی جانب دوبارہ متوجہ کرنے کے لیے ایک دلچسپ اور منفرد منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
ملک بھر کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں ہر ویک اینڈ پر میوزیکل کنسرٹس منعقد کیے جائیں گے جو اپریل میں شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ تک جاری رہیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے بتایا کہ یہ اقدام اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ اسٹیڈیمز کو صرف میچ کے دنوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں تفریحی اور پُررونق مقامات میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف شائقین کو کرکٹ کے غیر سیزن میں مصروف رکھنا ہے بلکہ اسٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے کا بہترین استعمال بھی ہے۔پی سی بی کو امید ہے کہ یہ کنسرٹس شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف راغب کریں گے اس سے آمدنی ہوگی اور پی ایس ایل 11 سے قبل ایک فیسٹیول جیسا ماحول پیدا ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فنکاروں کی تفصیلات، کنسرٹس کے مقامات اور ٹکٹنگ کے بارے میں مزید معلومات آنے والے ہفتوں میں شائع کی جائیں گی
چیئر مین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا ، چند مقامی اسٹیڈیمز جو پہلے بین الاقوامی یا پی ایس ایل میچز کی میزبانی نہیں کر سکے تھے انہیں اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ خطے میں کرکٹ کی ترقی ممکن ہو اور ان گراؤنڈز پر اعلیٰ سطح کے ایونٹس کی میزبانی کے مواقع بڑھ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو اگلے سال تک ایک نیا بین الاقوامی معیار کا اسٹیڈیم ملے گا جبکہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی مرمت اور اپ گریڈیشن 2026 میں پی ایس ایل 11 کے بعد مکمل ہوگی یہ اقدامات پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور شائقین کے تجربے کو بہتر بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔