اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس، پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق اہم فیصلہ متوقع

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس، پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق اہم فیصلہ متوقع

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت آج ہونے جا رہا ہے، جس میں ملکی معیشت سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ اجلاس کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں متوقع اضافے کا بڑا فیصلہ بھی زیر غور آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ای سی سی اجلاس میں 50 ہزار گھروں کیلئے مارک اپ سبسڈی کی منظوری کا امکان

میڈیا رپورٹ کے مطابق  ای سی سی 11 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے گی، جس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں تبدیلیوں سے متعلق سمری بھی شامل ہے۔ اجلاس میں ’پرسنل لگیج، ٹرانسفر آف ریذیڈنس اور گفٹ اسکیم‘ کے تحت گاڑیوں کی درآمد کی پالیسی کو مزید سخت بنانے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ’پرسنل لگیج اسکیم‘ مکمل طور پر ختم کر دی جائے جبکہ باقی 2 اسکیموں کی شرائط مزید سخت کر دی جائیں گی تاکہ درآمدات پر بہتر کنٹرول برقرار رکھا جا سکے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ

میڈیا رپورٹ کے مطابق ای سی سی اجلاس میں پیٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن پر نظرثانی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ نظرثانی کے بعد ’ایک روپے 28 پیسے فی لیٹر‘ تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سمری کی منظوری کی صورت میں عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نیا بوجھ پڑ سکتا ہے۔

سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کی منظوری متوقع

اجلاس میں ’سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان 2025-26‘ کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ کمیٹی کو گردشی قرضے میں کمی سے متعلق اقدامات اور اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت توانائی کی جانب سے نئے روڈ میپ کے تحت بجلی کے شعبے میں نقصانات کم کرنے اور ادائیگیوں کا توازن بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔

بجلی خریداری، ڈیجیٹل اتھارٹی گرانٹ سمیت دیگر امور

’ای سی سی‘ کے اجلاس میں ایران سے بجلی کی خریداری کے معاہدے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں بجلی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

اس کے علاوہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے لیے 1.28 ارب روپے  کی گرانٹ کی منظوری بھی متوقع ہے، جس کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل اصلاحات کو تیز کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:گیس مزید مہنگی، ای سی سی نے قیمتوں کے نئے فریم ورک کی منظوری دیدی

ایجنڈے کے مطابق ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے ’5 ارب روپے‘ کی سبسڈی کی سمری بھی زیر غور آئے گی، جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقات کیلئے رہائشی منصوبوں کو سہارا دینا ہے۔ اسی طرح ’پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی‘ کیلئے آئندہ بجٹ کا تعین بھی اجلاس کے اہم نکات میں شامل ہے۔

اہم معاشی فیصلوں کا امکان

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا آج کا اجلاس ملکی معاشی سمت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس میں پیٹرولیم مصنوعات، توانائی شعبے، ڈیجیٹل اصلاحات اور ہاؤسنگ جیسے اہم شعبوں میں پالیسی فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *