الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق ایک اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے انتخابات کے التوا کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
بدھ کوجاری ہونے والے تفصیلی فیصلے پر چیف الیکشن کمشنر ’سکندر سلطان راجا‘ کے دستخط موجود ہیں، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن ملتوی کرنے کی کوئی ’قانونی بنیاد یا وزن‘ موجود نہیں تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ‘کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 28 دسمبر ہی کو ہوں گے اور اس سلسلے میں انتظامات بدستور جاری رہیں گے۔ فیصلہ میں کہا گیا کہ درخواست گزار انتخابات کے التوا کے لیے کوئی ایسا ٹھوس قانونی جواز پیش کرنے میں ناکام رہا جو کمیشن کو شیڈول تبدیل کرنے پر مجبور کرتا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے حکم میں یہ بھی بیان کیا کہ ‘بلدیاتی انتخابات عوام کے جمہوری حقوق سے منسلک ہیں، اس لیے انہیں بلاجواز مؤخر کرنا قانون اور آئین دونوں کے برخلاف ہوگا‘۔ کمیشن نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کے شفاف، پرامن اور بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تیاریاں تیز کریں۔
فیصلے کے بعد یہ بھی واضح ہوگیا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی نظام کی بحالی کے لیے جاری عمل کسی تاخیر کا شکار نہیں ہوگا، اور شہری 28 دسمبر کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال سکیں گے۔ بلدیاتی انتخابات کوئٹہ بھر میں ہوں گے اور اس کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبائی حکومت تمام انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔