حکومت نے پاسپورٹ خدمات کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،یکم جولائی سے شہری پاسپورٹ فیس صرف ڈیجیٹل طریقے یعنی کیو آر کوڈ کے ذریعے ادا کر سکیں گے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا، جس میں ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کی بہتری اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا، اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ اب کسی بھی پاسپورٹ دفتر میں نقد رقم کے ذریعے فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد مالیاتی نظام کو شفاف بنانا، کرپشن کے امکانات کو کم کرنا اور شہریوں کے لیے ادائیگی کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانا ہے، اب درخواست گزار اپنی فیس براہِ راست ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کر کے جمع کرا سکیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنے اور خدمات کی رفتار بہتر بنانے کے لیے جدید سہولیات متعارف کرائی جائیں گی،اس کے ساتھ ساتھ دفاتر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک باقاعدہ مانیٹرنگ سسٹم بھی نافذ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے نفاذ سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ پاسپورٹ کے اجرا کے عمل میں شفافیت اور رفتار دونوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔