متحدہ عرب امارات میں نوکری تلاش کرنے والوں کے لیے دسمبر کا مہینہ خوشخبری لے کر آتا ہے، ریکروٹمنٹ ماہرین کے مطابق سال کے آخر میں ملازمت کے امیدواروں کو ایک منفرد موقع ملتا ہے کیونکہ اس دوران مارکیٹ میں مقابلہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔
زیادہ تر لوگ کرسمس اور نیو ایئر کی تعطیلات میں مصروف ہوتے ہیں، اس لیے امیدواروں کو کمپنیوں کی توجہ حاصل کرنے کا زیادہ موقع ملتا ہے۔
زید الہیلی، جو مارک ایلِس کنسلٹنگ اینڈ ٹریننگ کے شریک بانی ہیں، کا کہنا ہے کہ یورپ اور امریکا میں سال کے اختتام پر کاروباری سرگرمیاں سست ہوجاتی ہیں، لیکن خلیجی ممالک میں یہ رجحان مختلف ہے۔
خاص طور پر جی سی سی ممالک میں دسمبر کے مہینے میں بھرتی کے عمل میں کسی قسم کی کمی نہیں آتی، کمپنیاں اس وقت بھی نئے سال کے منصوبوں کے لیے مناسب افراد کی تلاش جاری رکھتی ہیں، اور اس دوران امیدواروں کی درخواستوں پر زیادہ غور کیا جاتا ہے۔
ماہرین یہ بھی بتاتے ہیں کہ دسمبر میں مسلسل فعال رہنے والے امیدوار زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں، نوکری کے پورٹلز پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رہنے اور درخواستیں بھیجنے سے امیدواروں کے انتخاب کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس دوران کمپنیوں کے پاس وقت ہوتا ہے کہ وہ ہر درخواست کو تفصیل سے دیکھیں اور امیدوار کے تجربے اور مہارت کا جائزہ لیں۔
یوں دسمبر کا مہینہ نہ صرف کم مقابلے کا وقت ہوتا ہے بلکہ کمپنیوں کی جانب سے توجہ حاصل کرنے کا سنہری موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
اس مہینے میں حکمت عملی کے ساتھ درخواست دینا اور فعال رہنا نوکری تلاش کرنے والوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، بالخصوص وہ افراد جو نئے سال کے آغاز میں کیریئر میں مضبوط قدم رکھنا چاہتے ہیں۔