کم قیمت پر براہِ راست فلائٹس، یو اے ای جانیوالے پاکستانیوں کیلئےخوشخبری

کم قیمت پر براہِ راست فلائٹس،  یو اے ای جانیوالے پاکستانیوں کیلئےخوشخبری

پاکستان کی نجی ایئرلائن ایئر سیال نے ابوظہبی سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے ہفتہ وار براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

ایئرلائن کے مطابق ابوظہبی سے پاکستان کے دونوں بڑے شہروں کے لیے ہر ہفتے متعدد پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سفر نہ صرف آسان بلکہ زیادہ سستا بھی ہو جائے گا۔

گلف نیوز کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یہ ایک بڑی خوشخبری ہے کیونکہ ایئر سیال نے ابتدائی کرایہ 1000 درہم مقرر کیا ہے، جو دیگر ایئر لائنز کے مقابلے میں نسبتاً کم ہے،  ایئر سیال ابوظہبی سے لاہور کے لیے ہفتہ وار تین جبکہ اسلام آباد کے لیے چار پروازیں چلائے گی، جس سے مسافروں کو تاریخ اور وقت کے انتخاب میں مزید سہولت میسر آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایئر سیال میں بھرتیوں کا اعلان، واک اِن انٹرویو کا شیڈول بھی جاری

ابوظہبی ایئرپورٹس انتظامیہ نے بھی نئی پروازوں کا خیرمقدم کیا ہے اور زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر سیال کی پہلی پرواز کی آمد کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی اور سماجی روابط کی مضبوط علامت قرار دیا گیا۔

ابوظہبی ایئرپورٹس کی منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ایلینا سورلینی کا کہنا تھا کہ ایئر سیال کا یہ نیا روٹ ہمارے اسٹریٹجک وژن کا حصہ ہے، جو ابوظہبی اور پاکستان کے درمیان سفر اور تجارت کے مواقع کو مزید وسعت دے گا۔

ایئر سیال کے چیئرمین فضل جیلانی نے بھی اس اقدام کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے کہا  کہ ابوظہبی کے لیے براہِ راست سروس ہمارا علاقائی کنیکٹیویٹی بہتر بنانے کے عزم کا نتیجہ ہے،  انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئی پروازیں نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کے لیے سہولت فراہم کریں گی بلکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنائیں گی۔

editor

Related Articles