سندھ کی میزبانی میں ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی کی واضح برتری کے ساتھ اختتام پذیر ، پاکستان آرمی نے اعزاز کا کامیاب سے دفاع کرتے ہوئے مسلسل 30ویں مرتبہ ٹرافی جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق واپڈا دوسرے اور نیوی تیسرے نمبر پر موجود رہی جبکہ صوبوں میں پنجاب نے پہلی اور سندھ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہو گی جس میں نیشنل گیمز کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کیا جائے گا۔
18 برس کے بعد سندھ کی میزبانی میں کراچی کے 26 مقامات پر ہونے والے گیمز کے 32 کھیلوں میں مجموعی طور پر 14 دستے شریک ہوئے۔ ان میں سات محکمہ جاتی ادارے دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پی اے ایف، واپڈا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان پولیس اور پاکستان ریلوے،چاروں صوبے میزبان سندھ پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ، گلگت و بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد شامل تھے۔
نیشنل گیمز فٹبال ایونٹ
اس سے قبل مقابلوں کے آخری روز نیشنل گیمز فٹبال ایونٹ کا ٹائٹل پاکستان ایئر فورس نے پاکستان آرمی کو شکست دے کر جیت لیا جبکہ پاکستان واپڈا نے تیسری اور پاکستان نیوی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ، فائنل کے موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے رکن کانگریس فیفا ریفری احمد رؤف بھی موجود تھے۔
باکسنگ مقابلے
نیشنل گیمز کے باکسنگ مقابلوں میں پاکستان آرمی نے مردوں اور خواتین مقابلوں میں مجموعی طور پر 12گولڈ میڈلز اور واضح برتری کے ساتھ میلہ جیت لیا۔
پاکستان آرمی نے مردوں کے باکسنگ مقابلوں میں 5 گولڈ اور4 سلور میڈلز جبکہ خواتین میں سات گولڈ اور ایک سلور میڈلزکے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے جنرل ٹرافی جیتی۔
نیوی نے مردوں میں3 گولڈ، دو سلور اور دو برانز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ واپڈا نے دو گولڈ، دو سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، پاکستان آرمی نے10گولڈ میڈلز کے ساتھ نیشنل گیمز کا کراٹے ایونٹ اپنے نام کر لیا،آرمی کے کراٹیکاز نے مردوں میں 6اور خواتین میں چار گولڈ میڈلز حاصل کئے۔
فائنل میڈل ٹیبل کے مطابق مردوں کے فائنل مقابلوں میں آرمی کے کراٹیکاز نے6 گولڈ اور دو سلور میڈلز کے ساتھ پہلی، واپڈا نے دو گولڈ،دو سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ دوسری، پنجاب نے ایک گولڈ،دو سلور اور دو برانز میڈلز کے ساتھ تیسری،کے پی نے ایک گولڈ او ر تین برانز میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
خواتین میں آرمی چار گولڈ،تین سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ پہلے، دو گولڈ اور تین برانز میڈلز کے ساتھ پنجاب دوسرے،بلوچستان ایک گولڈ،دو سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ تیسرے،سندھ ایک گولڈ،دو سلور اور دو برانز میڈلز کے ساتھ چوتھے اور واپڈا ایک گولڈ اور دو برانز میڈلز کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
شوٹنگ مقابلے
شوٹنگ ایونٹ پاکستان آرمی نے17گولڈ میڈلز کے ساتھ جیت لیا جبکہ نیوی نے15گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، آرمی نے 17 گولڈ، 16 سلور اور 5 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی جبکہ نیوی نے 15گولڈ، 12سلور اور 13برانز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ، پی اے ایف نے تین سلور اور آٹھ برانز،سندھ نے ایک گولڈ اور دو سلور جبکہ ایچ ای سی نے چار برانز میڈل حاصل کئے۔
بیس بال ایونٹ
پاکستان آرمی نے واپڈا کو ہرا کر 35 ویں نیشنل گیمز کراچی کا مینز بیس بال ایونٹ جیت لیا، خیبرپختونخوا نے پنجاب کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
واپڈا کے عرفان سعید اور ماحور شہزاد نے 35ویں نیشنل گیمز کے بیڈ منٹن کے مینز اور ویمنز سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا۔آرمی کے راجا حسنین اور عمارہ اشتیاق نے ڈبل کراؤن مکمل کیا۔
ٹیبل ٹینس مقابلے
پاکستان آرمی نے ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کی جنرل ٹرافی جیت لی ، حوار فواد نے ویمن اور احمد ساجد نے مینز ٹائیٹل اپنے نام کیا ،مکسڈ ڈبلز میں پنجاب کے اویس اور کلثوم چیمپئن بنے،نمائشی کھیل تھرو بال میں مردوں کے مقابلوں میں خیبر پختونخوا نے پنجاب ،خیبرپختونخوا نے بلوچستان، سندھ نے گلگت بلتستان کو ہرا دیا۔
خواتین کے مقابلوں میں سندھ نے خیبرپختونخوا ،پاکستان ریلوے نے پنجاب ،پاکستان نیوی نے پاکستان ریلوے کو ہرا دیا۔
کک باکسنگ چیمپئن شپ اور پیڈل
گیمز کی تاریخ میں پہلی بار کک باکسنگ چیمپئن شپ بطور نمائشی کھیل منعقد ہوئی، کے وی ٹی سی کے پیرا کھلاڑیوں کی شاندار شرکت نے ایونٹ کو مزید نمایاں بنایا۔
پیڈل کے نمائشی مقابلوں میں سندھ نے مردوں اور خواتین کے ٹائٹل جیت لیے ، مردوں کا ایونٹ ہشیش کمار اور پربھات کمار پر مشتمل جوڑی اورخواتین کا ایونٹ نتالیہ زمان اور ان کی پارٹنر نے جیتا، بیڈ منٹن سنگلز کا فائنل واپڈا کے عرفان سعید نے واپڈا ہی کے ایم علی لاروش کو مات دے کر جیتا۔